Time 09 مارچ ، 2022
پاکستان

عثمان بزدار بھی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے میدان میں آگئے

وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں: فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں: فائل فوٹو

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدا ر بھی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے خم ٹھونک کر سامنے آگئے۔

عثمان بزدار نے ارکان قومی اسمبلی سےرابطے شروع کردیے ہیں، انہوں نے اسلام آباد میں ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ، غلام بی بی بھروانہ، ملک عامر ڈوگر اور مخدوم سمیع الحسن گیلانی سے ملاقات کی جس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالےسے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ ٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا پراپیگنڈا ہماری صفوں میں انتشار پیدا نہیں کرسکتا، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کیلئے ارکان پورے نہیں کرسکے گی، وزیراعظم پہلے بھی پراعتماد تھے اور آج بھی پراعتماد ہیں، انہیں ارکان اسمبلی کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید  کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنیوالوں کو خود ایک دوسرے پر اعتماد نہیں، تحریک عدم اعتمادکی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، حکومت 5 سال پورے کرے گی، عوام اگلے 5 سال کیلئے بھی عمران خان منتخب کریں گے۔

مزید خبریں :