09 مارچ ، 2022
کراچی کے ساحل پر گھوڑے والے کی غیر ملکی کو لوٹنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ گھوڑوں پر سیر کرانے والا لڑکا غیر ملکی سیاح سے خود پہلے 200 روپے مانگتا ہے لیکن سیاح کو ایک چکرلگوانے کے بعد 3 ہزار روپے طلب کرتا ہے جب کہ ویڈیو بناتے ہوئے غیر ملکی اسے طے شدہ رقم 200 بتاتا ہے۔
ساحل پر سیاحوں کو سیر کرانے والے مافیا کا کارکن 3 ہزار روپے پر بضد رہتا ہے لیکن سیاح زیادہ پیسے دینے پر تیار نہیں۔
سیاح گھوڑے والے کو 200 روپے دینے کیلئے 500 کا نوٹ دیتا ہے تو وہ پھینک دیتا ہے، اسی دوران دوسرا شہری عمل دخل کرکے اپنے پاس سے ایک ہزار روپے دے کر معاملہ ختم کراتا ہے۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین غیر ملکی سیاح کے ساتھ اس رویے پر ناراض ہیں اور گھوڑے والے کو مافیا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔