09 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کا جہانگیر خان ترین گروپ عبدالعلیم خان کے معاملے پر تحفظات کاشکار ہے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے بعض ارکان نے علیم خان کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ترین گروپ کےبعض ارکان نے علیم خان کےحوالے سے جہانگیرترین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق گروپ ارکان نے جہانگیر ترین سے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ کی اسپیکرپنجاب اسمبلی سےملاقات بھی اسی تناظرمیں تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی ترین گروپ میں شامل ہوگئے تھے اور پنجاب میں گورننس پر سوال اٹھائے تھے۔
اس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیراعظم کی ہدایت پر علیم خان کو منانے لاہور پہنچے تھے جبکہ ترین گروپ سے پرویز خٹک نے رابطہ کیا تھا جس پر مشاورتی اجلاس بلایا گیا۔
تاہم اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم وزیراعظم نے استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا اورانہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
اس پر ترین گروپ نے مائنس بزدار کے بعد ہی حکومت سے بات کرنے پر اعلان کیا۔