13 مارچ ، 2022
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام یہی ہے جو وہ کر رہی ہے، ہم بھی جب اپوزیشن میں تھے تو ایسے ہی بھڑکیں مارتے تھے لیکن عمران خان کہیں نہیں جا رہا وہ 5 سال پورے کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ چٹان اور سائے کی طرح کھڑے ہیں، دو روز بعد عمران خان کی پوزیشن اور واضح ہو جائے گی، جو بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا قوم اسے عزت دے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اجلاس اسپیکر نے بلانا ہے اور اسپیکر کا فیصلہ قانونی و آئینی ہو گا اس کا فیصلہ کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہو سکتا، اسپیکر 15 مارچ کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیں گے، 22 سے 30 مارچ تک کے دن بہت اہم ہیں۔
مسلم لیگ ق کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا گزشتہ روز کسی نے سوال پوچھا تو میں نے کہا کہ پانچ سیٹوں والے بھی بلیک میل کر رہے ہیں، میں نے ق لیگ اور چوہدریوں کا نام نہیں لیا، بلیک میلنگ والی بات کی تو لوگ خفا ہو گئے، اس میں کیا بڑی بات ہے، میں خود اعتراف کر چکا ہوں، یہ بات تو میں نے اپنی کتابوں میں لکھی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت میرے بھائی ہیں، اللہ انہیں صحت دے، کبھی ان کے خلاف بات نہیں کروں گا، چاہتے ہیں کہ اتحادیوں کو بھی ساتھ لیکر چلیں۔