عدم اعتماد کے تناظر میں زرداری اور بلاول کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات، ملکر کام کرنے پر اتفاق

پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے ملک کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔

پی پی اعلامیے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر  آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ، ناصرشاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، رخسانہ بنگش ودیگر موجود تھے جبکہ ایم کیوایم کے وفد میں عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف شامل ہیں۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی قیادت کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ  پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کے تمام تر نکات سے بھی اتفاق کیا۔

اس حوالے سے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھاکہ جوبھی معاملات طے پائیں گے بلاول بھٹو ہی بتائیں گے۔

انتظامی، قانون سازی کے ذریعے مسائل کوحل کرنے پر اتفاق رائے ہوا، ایم کیو ایم اعلامیہ

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے پی پی قیادت سے ملاقات پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‎ملاقات گزشتہ دنوں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت میں ملاقات کا تسلسل تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں کراچی، حیدرآباد سمیت شہری سندھ کے مسائل پر ایم کیوایم پاکستان کامؤقف رکھاگیا، پیپلزپارٹی نے مسائل کے حل کیلئے ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ مستقل اور بہترروابط پراتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں انتظامی، قانون سازی کے ذریعے مسائل کوحل کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال بشمول تحریک عدم اعتمادپرمشاورت جاری ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے اور اس کے بعد سے یہ ملاقات انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :