15 مارچ ، 2022
لاہور: (ق) لیگ کے اکثریتی اراکین نے عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کی تجویز دے دی۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جو ساڑھے تین بجے ہوگا جب کہ اجلاس میں عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرویز الٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، چوہدری سالک، کامل آغا، فرخ خان اور حسین الٰہی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی ملاقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تحریک عدم اعتماد پرحکومت یا اپوزیشن کی حمایت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کے اکثریتی اراکین نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے اس حوالے سے حتمی فیصلے کا اختیار چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کو دے دیا۔