15 مارچ ، 2022
لاہور: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں اور جنہیں پاکستان کی فکر ہے وہ ان کو سمجھا رہے ہیں کہ اپنے معاملے افہام و تفہیم سے حل کریں، وہ جمہوریت کے سپورٹر ہیں اور وہ پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں، وہ کسی کے ساتھ نہیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے 4سال میں کنفیوژن پھیلائی، اب ایک سال الیکشن میں رہ گیا ہے، اپوزیشن کا اوپر والا خانہ خالی ہے، یہ ساری سامراجی سنڈیاں ڈی چوک میں فارغ ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں حالات کنٹرول کریں گے اور نہ ہوسکے تویہ جانیں اوران کاکام جانے،کوئی حادثہ ہو گیا تو نقصان اپوزیشن کا ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نہیں جاتی، ان کے 4 سال پورے ہوگئے ہیں ایک سال اور وہ ٹکاکے لگائےگا جب کہ پنجاب کی سیاست کا نہیں پتا میں وہاں کی سیاست نہیں کرتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مارچ سے 30 مارچ تک ہفتہ زوردارہوگا، مولانا فضل الرحمان کوسمجھنا چاہیے کہ مولاجٹ کی سیاست نہیں چلے گی لہٰذا آپ 23 مارچ کوآئیں پورا تحفظ فراہم کریں گے، اگرکسی کوروکاگیاتومیں ذمہ دارہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے 172 لوگ پورے نہیں ہیں، مارکیٹ میں بولیاں لگ رہی ہیں، بکنے والے رسوا ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتے، اتحادیوں اوراپنے اراکین پراعتماد ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آخری گزارش ہے کہ ملک کوانتشارکی طرف نہ جانے دیں، انارکی ملک میں مت پھیلائیں،اس کانتیجہ انتہائی الٹانکلےگا، تصادم ہوا یا انارکی پھیلی تو عدم اعتماد راستے ہی میں رہ جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن کو آپ میری پارٹی کہہ رہے ہیں، وہ کسی کے ساتھ نہیں، پاکستان کے ساتھ ہیں، امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں، جنہیں پاکستان کی فکر ہے وہ ان کو سمجھا رہے ہیں کہ اپنے معاملے افہام و تفہیم سے حل کریں، وہ جمہوریت کے سپورٹر ہیں، وہ پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں، وہ کسی کے ساتھ نہیں پاکستان کے ساتھ ہیں، اگر معاملہ حل نہ ہوا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ (ق) لیگ کے بارے میں کچھ کہوں گا تووہ خفاہوجائے گی بس چوہدریوں کومشورہ ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں۔