15 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ پیکج کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 15 فروری رات 12 بجے سے آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی سطح پر برقرار رہیں گی۔
فنانس ڈویژن کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کے دوران حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے 30 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 149.86 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 144.15 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت 125.56 اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 118 روپے 31 پیسے پر برقرار رہے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔ انہوں نے بجلی کی قیمت میں بھی 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔