Time 17 مارچ ، 2022
پاکستان

سندھ ہاؤس اسلام آباد سے متعلق گورنر سندھ کا بیان سامنے آگیا

عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے پاس 172 لوگوں کا نمبر پورا ہے ، سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی ہے— فوٹو: فائل
عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے پاس 172 لوگوں کا نمبر پورا ہے ، سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی ہے— فوٹو: فائل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں خرید و فروخت کا بازار لگا ہوا ہے، ایک طرف سچ ہے دوسری طرف جھوٹ ہے، دیکھنا یہ ہے کہ کون کہاں کھڑا ہوتا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان غیرت مند لیڈر ہیں،عمران خان قومی خود داری کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ہمارے اتحادیوں نے ابھی فیصلہ کرنا ہے وہ کس طرف جائیں گے، مجھے امید ہے ہمارے اتحادی تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔

عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے پاس 172 لوگوں کا نمبر پورا ہے ، سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی ہے۔

خیال رہے کہ حکومت سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایکشن کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں اور سندھ ہاؤس میں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، ہم اس پر ایک بڑا ایکشن پلان کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اور ان سمیت 24 کے قریب پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے ارکان یہاں آنا چاہتے ہیں اور ضمیر کے مطابق ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :