17 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ رمیش کمار کی جانب سے یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 24 کے قریب ایم این اے بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کماربھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ایک انٹرویو میں رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے33 لوگ مختلف پارٹیوں سے معاملات طےکرچکےہیں، ان 33 لوگوں میں پی ٹی آئی کے3 وزرا بھی شامل ہیں، سندھ ہاؤس میں آج پی ٹی آئی کے24 ارکان موجود تھے۔
رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ،ق لیگ اور باپ پارٹی اپنے طور پر فیصلہ کریں، اہم ایشو یہ ہے کہ یہ گالی گلوچ والا کلچر ہم نے کبھی نہیں دیکھا ، ہمیشہ نشاندہی کی کہ یہ چیز غلط ہے ،لیکن وزیراعظم نے نظر انداز کیا، ہمیشہ خوشامد کرنے والوں کی بات سنی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس نہج پر آگیا ہےکہ تنہا اور معاشی طور پر پیچھے ہوگیا ہے، وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے، بہتر ہوگا کہ وزیراعظم استعفیٰ دےدیں اور نیا وزیر اعظم او آئی سی اجلاس میں قیادت کرے۔