24 مارچ ، 2022
ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی کو وزیر اعظم تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے پارلیمنٹ لاجز میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی قیادت سے پی ٹی آئی کے وفد نے ملاقات کی۔
حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور اسد عمر شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف شامل تھے۔
حکومتی وفد نے ایم کیو ایم کی قیادت کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا، اس وقت حکومت مشکل میں ہے اور ہمیں تنہا نہ چھوڑیں، جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے شکوہ کیا کہ ساڑھے 3 سال سے اتحادی ہیں، بتائیں کون سا وعدہ پورا کیا؟ ہمارے دفاتر اب تک بند، لاپتا افراد بھی بازیاب نہیں ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے ایم کیو ایم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا جبکہ ایم کیو ایم نے پہلی تجویز یہ دی کہ وزیر اعظم اپنی جگہ پی ٹی آئی سے کسی دوسرے رہنما کو وزیر اعظم نامزد کر دیں تاکہ اتحادی جماعتیں کوئی مثبت فیصلہ کر سکیں۔