کھیل
Time 24 مارچ ، 2022

ویڈیو: جب ویرات کوہلی نے محمد رفیع کا یادگار گیت گایا

آپ شاید یہ بات نہ جانتے ہوں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نہ صرف اچھے کرکٹر ہیں بلکہ بہت اچھے گلوکار بھی ہیں۔

ویرات کوہلی کے گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کررہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں بھارتی کرکٹر کو گانا ‘جو وعدہ کیا وہ نبھانا پڑے گا’ گاتے ہوئے سنا جاسکتا ہےجس نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔

معروف بھارتی میوزک کمپنی کی جانب سے جاری ویڈیو 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی ہے جو بھارتی ٹیم کے دورہ بنگلا دیش کے دوران نجی تقریب میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

وائرل ویڈیو میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سریلی آواز میں ساتھی گلوکارہ کے ہمراہ مشہور گیت گاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

فیس بک پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں گلوکاری کی پرفارمنس پر کرکٹر کو خوب سراہا گیا جبکہ ویڈیو اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد بار دیکھی جاچکی ہے۔

سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے ویرات کوہلی کی گلوکاری کے ٹیلنٹ پر تعریفوں کی پل باندھ دیے ہیں۔

خیال رہے ویڈیو میں ویرات کوہلی کا گایا ہوا مقبول گیت فلم ‘تاج محل’ میں گلوکار محمد رفیع اور لتا منگیشکرنے گایا تھا۔

مزید خبریں :