Time 26 مارچ ، 2022
کھیل

پاکستان کیخلاف وائٹ بال سیریز میں کس کا کردار اہم ہو گا؟ آسٹریلوی آل راؤنڈر نے بتا دیا

پاکستان کی وائٹ بال ٹیم تجربے کار ٹیم ہے، لاہور میں ہائی اسکورننگ میچ ہوں گے: مچل مارش۔ فوٹو: فائل
پاکستان کی وائٹ بال ٹیم تجربے کار ٹیم ہے، لاہور میں ہائی اسکورننگ میچ ہوں گے: مچل مارش۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم میں شامل آل راؤندر مچل مارش کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے بہترین جگہ ہے اور یہاں کرکٹ ہونی چاہیے۔

لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے مچل مارش کا کہنا تھا کل جیت کی خوشی منائی سب نے اکٹھے ڈنر کیا، جیت کو بہت انجوائے کیا اور اب سب تازہ دم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان میں یہ جیت بڑی شاندار رہی جو سیریز کے آخری سیشن میں ملی، مستقبل میں برصغیر کے ٹورز ہیں اور اس سیریز کی جیت کا فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اب فوکس ون ڈے سیریز پر ہے، سیریز سے قبل ٹریننگ سیشن بھی ملیں گے، ون ڈے سیریز بھی ٹیسٹ سیریز کی طرح بہت اچھی ہو گی، ٹیسٹ سیریز اچھی اسپرٹ میں کھیلی گئی، اب یہ سیریز بھی شاندار ہو گی۔

مچل مارش کا کہنا تھا کہ وائٹ بال سیریز سے پہلے مجھے بریک ملی جس کا فائدہ ہو گا، میں نے سیریز سے قبل فیملی کے ساتھ وقت گزارا، پھر وائٹ بال سیریز کی تیاری کی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ جیسے کھلاڑی کے نہ ہونے کا مطلب ہے کہ آپ نے تجربہ کار کھلاڑی کھو دیا، پاکستان وائٹ بال ٹیم بہت اچھی ہے اور ہم سب کے پاس موقع ہے کہ اچھا پرفارم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا وائٹ بال کی ایک نئی ٹیم ہے جبکہ پاکستان ٹیم تجربہ کار ہے، لاہور میں ہائی اسکورنگ میچ ہوں گے اور اوس کا کردار بھی اہم ہو گا۔

پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مچل مارش کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں اور ہمارا اچھا خیال رکھا جا رہا ہے، ہوٹل بہت اچھا ہے اور ہمیں بہت محفوظ رکھا جارہا ہے۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی جگہ ہے، ٹیم بھی بہت اچھی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ ہونی چاہیے۔

مچل مارش کا کہنا تھا کہ میرے والد نے دورہ پاکستان کے حوالے سے مجھ سے گفتگو کی، اس دور کے مقابلے میں کرکٹ مختلف ہے، اب میں بھی یہاں کرکٹ انجوائے کروں گا۔

مزید خبریں :