Time 27 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'عمران خان سب سے پہلے آپ نے گھبرانا نہیں ہے'، شوبز ستارے بھی میدان میں آگئے

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ صرف ایک لیڈر چاہتا ہے جو انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف لے جائے: شان__فوٹو فائل
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ صرف ایک لیڈر چاہتا ہے جو انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف لے جائے: شان__فوٹو فائل

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار  بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

ایسے میں شوبز سے منسلک کئی اداکاروں نے بھی عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور  ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جن میں ہمایوں سعید، بلال قریشی، عمران عباس، احمد علی بٹ اور شان شاہد شامل ہیں۔

اداکاروں کے تبصرے ملاحظہ کیجئے:

شان شاہد

فلم اسٹار  شان شاہد نے لکھا کہ پاکستان بول اٹھا ہے کہ انہیں صرف ایک لیڈر چاہیے جو انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف لے جائے، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شان نے  اپوزیشن کو مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ اپنی پارلیمنٹ تو رکھ سکتے ہیں لیکن ہمارے لیڈر کو کبھی نہیں چھین سکتے۔

فرحان علی آغا:

اداکار فرحان علی آغا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کی حمایت میں تشہیری ویڈیو جاری کی۔

انہوں نے  اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو ایمان کی جنگ قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں شرکت کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔

ہمایوں سعید

معروف اداکار ہمایوں سعید لکھتے ہیں کہ میں عمران خان کا اس وقت سے پرستار ہوں جب وہ ایک کرکٹر تھے، اور اب بھی ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہوں۔

اداکار نے کہا کہ میری خواہش اور دعا ہے کہ عمران خان اپنی حکومت کا وقت مکمل کریں۔

بلال قریشی

بلال قریشی نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور وزیر اعظم کی ہمت بندھاتے ہوئے لکھا کہ ’عمران خان، سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

بلال قریشی نے مزید کہا کہ 'میں27 مارچ کو اپنے وزیراعظم کا ساتھ دینے کے لیے اسلام آباد جلسے میں آرہا ہوں‘۔

ثمینہ پیرزادہ:

سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اپنے کپتان کو اللہ کی امان میں دیا۔

ایک اور پیغام میں اداکار نے کہا کہ ایک واحد بندے سے تبدیلی کا آغاز ہوتا ہے، آئیے مل کر پاکستان کو یہاں کے رہنے والوں کے لیے محفوظ ملک بناتے ہیں، آئیے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور پاکستان کو صاف کریں۔

عمران عباس:

اداکار عمران عباس نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور لکھا کہ عمران خان کی پاکستانی عوام کے بہتر مستقبل کی واحد امید ہیں، اداکار نے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا آپ اسلام آباد کے جلسے میں آرہے ہیں؟

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

احمد علی بٹ

احمد علی بٹ نے لکھا کہ عمران خان نے مشکل وقت میں پہلے ہی بہت کچھ کیا ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی کئی کام کیے گئے، عمران خان کی وجہ سے ہمارے پاسپورٹ اور افواج کو عزت ملی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکار نے لکھا کہ ہماری معیشت میں بہتری آرہی ہے، عمران خان نے سیاست میں آنے اور حکومت بنانے سے قبل ہی بہت کچھ دیا ہے، عمران خان صادق اور امین ہیں۔

احمد علی نے مزید کہا کہ میری دل سے خواہش ہے کہ عمران خان اپنا دور حکومت مکمل کریں اور اگلے 5 سال بھی ان ہی کی حکومت ہو، اگر وہ ان کرپٹ عوامل کی وجہ سے چلے جاتے ہیں تو یہ بدقسمتی ہوگی۔

مزید خبریں :