28 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے منظوری بھی دے دی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی جانب سے استعفیٰ منظور ہونے پر پنجاب حکومت توڑ دیں گے، پنجاب حکومت توڑنے پر عثمان بزدار کے خلاف پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد غیر مؤثر ہوجائےگی۔
ذرائع کے مطابق بزدار حکومت ختم ہونے کے بعد چوہدری پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال کر اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلےترین گروپ کو اعتماد میں لینا ہوگا۔