28 مارچ ، 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان سکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں ہم سب مل کر اس دھمکی کا مقابلہ کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ وہ سکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں تو اپوزیشن ریاست کو دی گئی دھمکی کا مل کر مقابلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی اور میرے پاس خط موجود ہے جو اس کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پتہ ہے باہر سے کن کن جگہوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، لکھ کر ہمیں دھمکی دی گئی ہے، ہم ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، قوم کے سامنے پاکستان کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں، الزامات نہیں لگا رہا، میرے پاس جو خط ہے وہ ثبوت ہے۔
اس کے بعد وزیراعظم نے خط لہرا کر عوام کو دکھایا پھر جیب میں ڈال لیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شک کر رہا ہے، اسے آف دی ریکارڈ خط دکھا سکتا ہوں، بیرونی سازش کی بہت سی باتیں مناسب وقت پر جلد سامنے لائی جائیں گی۔