31 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین گروپ کے اجلاس میں مسلم لیگ ق کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی کی حمایت سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
ترین گروپ کا اسحاق خاکوانی کی رہائش گاہ پرمشاورتی اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
ترین گروپ ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کی حمایت سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وفاق میں تحریک عدم اعتماد کے فیصلے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کی حمایت پر بعض اراکین نے تحفظات کا اظہار کیا جبکہ ترین گروپ نے ہم خیال گروپ، علیم گروپ اوراپوزیشن سے رابطے جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔
ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں جہانگیرترین کو تمام سیاسی رابطوں سے آگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لیکر پرویز الٰہی کو نیا وزیر اعلیٰ نامزد کیا تھا۔