Time 01 اپریل ، 2022
پاکستان

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور، پنجاب کابینہ تحلیل

لاہور:  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔

گورنر پنجاب نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 2 اپریل کو اجلاس طلب کیا ہے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل بروز ہفتہ دن 11بجے طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جگہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا جس کے بدلے میں مسلم لیگ ق نے تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

دو روز قبل وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب کو ارسال کر دیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کہیں تو میں سیاست چھوڑنے کے لیے بھی تیار ہوں، عمران خان کا سپاہی ہوں اور ہر قسم کے حالات میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیے جانے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی بھی متحرک ہو گئے تھے اور انہوں نے اراکین پنجاب اسمبلی سے بڑے پیمانے پر ملاقاتیںں شروع کر دی تھیں اور کچھ ن لیگی اراکین اسمبلی نے بھی پرویز الٰہی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔    

مزید خبریں :