10 اپریل ، 2022
متحدہ اپوزیشن کے وزیراعظم کے نامزد امیدوار و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
شہباز شریف نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جہاں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ تینوں رہنماؤں کے درمیان انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر شکریہ ادا کیا۔
آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے مستقبل میں اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے سربراہ بی این پی مینگل سرداراختر مینگل کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور تحریک عدم اعتماد و دیگر امور میں ساتھ دینے پر اختر مینگل کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ صدر مسلم لیگ (ن) نے وفد کے ہمراہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کو ان کی رہائش گاہ پر تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے محسن داوڑ اور بی اے پی کے رہنما خالد مگسی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
شہبازشریف نے ایم کیوایم رہنماوں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی جہاں ساتھ دینے پر ایم کیوایم کا شکریہ ادا کیا گیا اور وزیراعظم نامزدگی میں بھی ساتھ دینے اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔