پاکستان
Time 13 اپریل ، 2022

اعجاز اعوان اور ہارون اسلم نے سوشل میڈیا پر خود سے منسوب بیانات کو جعلی قرار دیدیا

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم  میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے خود سے منسوب کیے گئے فوج مخالف بیانات کو جعلی قرار دے دیا۔

 سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ مذکورہ ریٹائرڈ فوجی افسران  کے نام سے سوشل میڈیا پر   پاک فوج کے خلاف جعلی آڈیو پیغامات وائرل ہوئے تھے۔

تاہم اب  میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغامات میں  ان آڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔

جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ  کرتے  ہوئے  کہا کہ  ان سے منسوب آڈیو بیان جعلی ہے، فوج میری شناخت اور پہلا پیار ہے، اس قسم کی پوسٹ نہیں کرسکتا۔

دوسری جانب اس حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے بھی ایک ویڈیو  پیغام جاری کیا  جس میں ان کا کہنا تھا کہ   ان سے منسوب جعلی آڈیو ریکارڈنگز چلائی جارہی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 40 سال فوج میں خدمات انجام دی ہیں، آڈیوز میں چلائی جانے والی آواز میری نہیں ہے اور میں  اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرتا۔

مزید خبریں :