دنیا
Time 15 اپریل ، 2022

صیہونی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، 150 سے زائد فلسطینی زخمی

اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے مسجد اقصیٰ کے اطراف موجود عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے: غیر ملکی میڈیا۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے مسجد اقصیٰ کے اطراف موجود عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے: غیر ملکی میڈیا۔ فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز  نے جعمہ کی صبح مسجد اقصیٰ پر  اچانک دھاوا بولتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود نمازیوں پر  آنسو گیس کی شیلنگ کی اور  ان پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں۔

فلسطینی ریڈ کریسنٹ سروس کے مطابق مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے باعث 152 فلسطینی زخمی ہو ئے۔

اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے مسجد اقصیٰ کے اطراف موجود عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ مسجد اقصیٰ کے کمپاونڈ کو خالی کروانے کے بعد مسجد کے دروازے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر  ایجنسی کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کے نتائج کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی مغربی کنارے پر فلسطینی شہریوں کی صیہونی افواج سے جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور  پر 23 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی علاقوں میں فلسطینوں کی جانب سے متعدد حملوں میں مجموعی طور پر  3 اسرائیلی پولیس اہلکاروں سمیت 14 یہودی ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  بھی بیت المقدس میں باب المغاربہ کی سمت سے 85 یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پردھاوا بولا گیا تھا۔

مزید خبریں :