16 اپریل ، 2022
مسلم لیگ ق کے رہنما اور حمزہ شہباز کے مدمقابل وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار پرویز الٰہی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر کہیں اور سے ہدایات لینے کا الزام عائد کر دیا۔
پنجاب اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج کے دن میں کسٹوڈین نہیں ہوں، وزارت اعلیٰ کا امیدوار ہوں، کوشش کریں گے وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہو لیکن شفاف الیکشن پر شبہات ہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی اسپیکر ایماندار ہے یا نہیں، کس کی نیت خراب ہے وہ آج سامنے آ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نمبر پورے نہ ہوتے تو جو اتنے دنوں سے ہو رہا ہے یہ کیسے ہوتا، آج کے دن پتا چلے گا کون ہاؤس کا کسٹوڈین ہے اور اس کا رویہ کیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ اردگرد وقت اور حالات نیک نیتی والے نہیں ہیں، اگربےانصافی کے نتائج ہوتے ہیں تو کون مانے گا۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مناسب وقت پر بتائیں گے کہ ڈپٹی اسپیکر کہاں سے ہدایات لے رہا تھا۔