16 اپریل ، 2022
رہنما تحریک انصاف عثمان بزدار پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی پر تشددکے واقعے سے لاعلم نکلے۔
عثمان بزدار پرویز الہیٰ کی عیادت کے لیے ان کے چیمبر پہنچے تو پرویز الہیٰ نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعےکی تفصیلات سے عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے بتایا کہ وہ ایوان میں اس طرف یہ کہنےگئے تھےکہ ایسا نہ کریں، اس دوران رانا مشہود کچھ لوگوں کو لے کر آگئے، سعد رفیق کا بھائی سلمان رفیق بھی آپہنچا اور مجھے پیچھے سے پکڑ کر نیچےگرایا، جب نیچے گرا تو پھر میں بے ہوش ہوگیا اور پھر نہیں معلوم کیا ہوا۔
اس پر عثمان بزدار نے اظہار حیرت کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں تو پتا ہی نہیں چلا، جس پر تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت اور ان کے ساتھ کھڑے شخص نے لقمہ دیا کہ ہمیں پتا چل گیا تھا، ہم پہنچ گئے تھے۔
عثمان بزدار کے پوچھنے پر پرویز الہیٰ نےکہا کہ ان کا بازو فریکچر ہوا ہے۔
خیال رہے کہ آج پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران چوہدری پرویز الہٰی بھی نرغے میں آگئے اور تشدد سے زخمی ہوگئے۔
بعد ازاں جیو نیوز سےگفتگو میں پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ میرا بازو ٹوٹ گیا ہے اور سینے پر بھی چوٹیں آئی ہیں، اپوزیشن نے اپنے غنڈے بلائے ، شریفوں کا اصل چہرہ سب نے دیکھ لیا ہے، سارے معاملے میں آئی جی پنجاب ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کہاں جاؤں، میرے لیے کوئی عدالت نہیں ہے، میں نے معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، از خود نوٹس ان کے لیے لیا جاتا ہے جن کی کوئی سفارش ہو ، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔