17 اپریل ، 2022
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود احمدکا کہنا ہےکہ کل پنجاب اسمبلی میں حملہ کرنے والوں کی ساری ویڈیوز نکال لی ہیں ، جو جو نظر آرہا ہے اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کےاحکامات کے باوجود پنجاب اسمبلی میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، ویڈیوز حاصل کر لی ہیں،ملوث افراد کو سزادی جائےگی۔
رانا مشہود احمدکا کہنا تھا کہ ان پر پرویز الہٰی پر تشدد کرانے کاالزام درست نہیں، جیسے عمران خان کو دوا کھانے کے بعد حوریں نظر آتی ہیں ایسے ہی شاید پرویز الہٰی نے کوئی دوا کھائی ہوگی جو انہيں میں نظر آرہا تھا۔
عطا تارڑ کاکہنا تھا کہ پرویز الہٰی نے چوہدری شجاعت کی رواداری کی سیاست بھی دفن کر دی، گجرات سے غنڈوں کو بلایا گیا اورغنڈہ گردی پر تھمز اَپ کرتے رہے، ن لیگ ان کے گھر پلیٹ میں رکھ کر وزارت اعلیٰ کی پیشکش لے کرگئی تھی، مگران کے بیٹے نے برا سلوک کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی نے آکسیجن ماسک اور پائیو ڈین لگاکر ڈراما کیا، گورنر عمر چیمہ آئین کی خلاف ورزی کےکھیل کا حصہ نہ بنیں ، پرویز الہٰی کوئی ایک ویڈیو ثبوت پیش کردیں جس میں ان پر تشدد کیا جارہا ہوں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران پرویز الہٰی زخمی ہوگئے تھے، اس سے قبل حکومتی اراکین نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر بھی تشدد کیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ پنجاب اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری ایوان میں داخل ہوئے تو ارکان نے ان پرحملہ کیا، اراکین نے لوٹے پھینکے اور ڈپٹی اسپیکر کے ڈائس پر چڑھے۔