18 اپریل ، 2022
جنوبی سوئیڈن میں اسلام مخالف ریلی کی قیادت کرنے والے ڈینس سوئیڈش شہری راسموس پالوڈان نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی جس پر سعودی عرب اور عراق نے شدید احتجاج کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ سوئیڈن کے شہر لنکوپنگ میں اسلام مخالف ریلی کے دوران پیش آیا۔
واقعے پر عراق کی وزارت خارجہ نے سوئیڈش سفارتخانے کے ناظم الامور کو بلاکر شدید احتجاج ریکارڈ کیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ یہ معاملات سوئیڈن کے تمام مسلمانوں سے تعلقات کو مزید خراب کریں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی سوئیڈن میں بعض انتہا پسندوں کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور مسلمانوں کے خلاف خلاف اشتعال انگیزی کی مذمت کی ہے۔