سیاستدانوں کی ڈگریوں پر انور مقصود اور معین اختر کی دلچسپ تکرار کا پرانا کلپ وائرل

کامیڈین، معین اختر نے ویڈیو میں خواجہ سرا کا روپ دھارا ہوا ہے جو میٹرک سے قبل ہی بی اے کی تعلیم حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔__فوٹو: اسکرین گریب
کامیڈین، معین اختر نے ویڈیو میں خواجہ سرا کا روپ دھارا ہوا ہے جو میٹرک سے قبل ہی بی اے کی تعلیم حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔__فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی لیجنڈز مرحوم معین اختر اور انور مقصود کی’سیاستدانوں کی ڈگریوں‘ پر  دلچسپ تکرار کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔

کلپ معین اختر اور انور مقصود کے مشہورِ زمانہ پروگرام 'لوز ٹاک' کا ہے جس میں  دونوں فنکار سیاستدانوں کی تعلیم، ڈگریوں پر طنز اور میٹرک، بی اے پر تکرار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

کامیڈین، معین اختر نے ویڈیو میں خواجہ سرا کا روپ دھارا ہوا ہے جو میٹرک سے قبل ہی بی اے کی تعلیم حاصل کرنے کا خواہش مند ہے۔

کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انور مقصود انٹرویو کرتے ہوئے خواجہ سرا کے کردار یعنی معین اختر سے سوال کرتے ہیں کہ آپ میٹرک سے قبل بی اے کیسے کر سکتے ہیں، یہ جاہلوں والی باتیں نہ کریں، ایسا کرنا نا ممکن ہے۔

جواب میں معین اختر کہتے ہیں کہ ’یہ ایک عام بات، وہ ایسے بہت سارے سیاستدانوں کو جانتی ہیں جو کہ انتخابات سے قبل میٹرک پاس اور الیکشنز کے قریب آتے ہی بی اے پاس ہو جاتے ہیں‘۔

بات جاری رکھتے ہوئے خواجہ سرا بنے معین اختر کہتے ہیں کہ ‘بالکل ویسے ہی جیسے ہمارے سیاستدان میٹرک سے قبل بی اے کی ڈگری حاصل کر لیتے ہیں بالکل ویسے ہی میں بھی بی اے کر لوں گا۔‘

مزید خبریں :