20 اپریل ، 2022
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مسلم امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے،۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ وزیراعظم نے پاک امریکا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر امریکی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن کانگریس الہان عمر نے کہا کہ امید ہے میرے دورے سے پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں الہان عمر نے ایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
بعد ازاں صومالین نژاد امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے وزارت خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کی۔
وزیر مملکت خارجہ امور نے الہان عمر کو پاکستان آمد پرخوش آمدید کہا اورکہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ دو طرفہ مراسم ہیں، پاکستان، امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔
حنا ربانی کھر نے مظلوم کشمیریوں کی پر زور حمایت پر الہان عمر کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل الہان عمر نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی۔