26 اپریل ، 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن مکمل غیر جانبداری کے ساتھ آئینی اور قانونی ذمہ داریاں انجام دے رہاہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک کے بہترین مفاد میں اور بغیر کسی دباؤ یا ترغیب آئندہ بھی ایسا کرتا رہے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 20 ارکان قومی اسمبلی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈیکلیریشن 14 اپریل کو بھجوائے، ان ڈیکلیریشن پر الیکشن کمیشن میں سماعت 28 اپریل کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 26 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈیکلیریشن 20 اپریل کو بھجوائے، ان تمام ایم پی ایز کو 6 مئی کے لیے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ڈیکلیریشن ملنے کے 30 دن کے اندر ان پر فیصلہ کرنے کا مجاز ہے۔