Time 29 اپریل ، 2022
پاکستان

شہباز شریف کی مسجد نبوی آمد پر بعض افراد کی نعرہ بازی، معروف رہنماؤں کی مذمت

وزیراعظم شہبازشریف  گزشتہ روز 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، شاہ زین بگٹی، چوہدری سالک حسین،خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور ایم این اے محسن داوڑ شامل ہیں، وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے پرسنل اسٹاف کے 4 لوگ بھی شامل ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺپر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرہ بازی شروع کردی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کچھ افراد مریم اورنگزیب اور شازین بگٹی کو گھیرتے ہوئے ان کے خلاف چور ،چورکے نعرے لگا تے ہوئے ویڈیوز بھی بنارہے ہیں۔  

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر مسجد نبوی میں بعض افراد کی نعرہ بازی کو مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس حرکت کو قابل مذمت قراردیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے حرم شریف میں پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 'عمران نیازی کے پھیلائے ہوئے شر نے آج روضہ رسول کے تقدس کو پامال کیا۔ محبت، امن اور سلامتی کی جگہ کو سیاست کے لیے استعمال کیا گیا'۔ 

وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ' مسجد نبوی ﷺ میں وزیر اعظم کے وفد کیخلاف چند شرپسند گستاخوں کی نعرہ بازی اور زبان درازی انتہائی افسوسناک عمل ہے'۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ' کاش ایسا نہ ہوتا، احتجاج بھی اخلاقی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہونا چاہیے'۔

عمران خان کے سابق مشیر صاحب زادہ جہانگیر نے اپنے بیان میں اس واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ' وہ مسجد نبوی میں موجود تھے جب بگٹی اور مریم اورنگ زیب کے خلاف نعرے بازی کی گئی ،کسی بھی مسلمان کے ساتھ مسجد نبوی میں ایسا سلوک انتہائی شرم ناک بات ہے'۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ'  قائد اعظم کے مزار پر نعرے لگانے پر کیپٹن صفدر کو مطعون کرنے والے اللہ کے آخری نبی صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے روضہ، مسجد نبوی میں سیاسی نعرے بازی پر خوشیاں منا رہے ہیں'۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 'رمضان کے آخری دنوں میں مسجد نبوی کے تقدس کو بھی خاطر میں نہ لینے والوں سمیت تمام پاکستانیوں کے ساتھ خدا رحم فرمائے '۔

دوسری جانب کامیڈین شفاعت علی نے سیاسی قیادت سے درخواست کی کہ  اس واقعے کی شدید مذمت کی جائے۔


مزید خبریں :