29 اپریل ، 2022
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سعودی عرب میں پیش آئے واقعے پر اپنے ردعمل میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنہری جالیوں پر لکھی ہوئی سورہ الحجرات کی آیت سوشل میڈیا پر جاری کردی۔
مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پرسورہ الحجرات کی آیت کا ترجمہ' اے ایمان والو! اپنی آوازیں نبی کی آواز پر اونچی نہ کرو اور ان کے حضور زیادہ بلند آواز سے کوئی بات نہ کہو جیسے ایک دوسرے کے سامنے بلند آواز سے بات کرتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال بربادنہ ہوجائیں اور تمہیں خبرنہ ہو' بھی شیئر کیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مسجد نبوی سے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ' ملکی معیشت بھی ٹھیک ہوگی ، روزگار میں بھی اضافہ ہوگا لیکن آج جو یہ معاشرے کی تباہی ہے میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لوں گی کیونکہ میں اس زمین کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتی'۔
انہوں نےکہا کہ اس شخص نے معاشرے میں جو تباہی میں مچادی ہے اورجو آج بدتمیزی اور رویہ اختیار کیا گیا اس کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔
مریم اورنگزیب نےکہا کہ ہمارے کارکنان بھی یہاں موجود تھے۔ ان میں بھی سیاسی جزبہ تھا لیکن ان کو ہماری طرف سے ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ مسجد نبوی میں کوئی بدتمیزی نہ کرے ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف گزشتہ روز 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔
بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺپر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرہ بازی شروع کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کچھ افراد مریم اورنگزیب اور شازین بگٹی کو گھیرتے ہوئے ان کے خلاف چور ،چورکے نعرے لگا تے ہوئے ویڈیوز بھی بنارہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر مسجد نبوی میں بعض افراد کی نعرہ بازی کو مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس حرکت کو قابل مذمت قراردیا ہے۔