Time 30 اپریل ، 2022
دنیا

بھارت شدید ہیٹ ویو کی لیپٹ میں، بجلی کی طلب تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

بھارتی وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی طلب 2 لاکھ 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگئی ہے/ فائل فوٹو
بھارتی وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی طلب 2 لاکھ 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگئی ہے/ فائل فوٹو

بھارت میں ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی کی طلب تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث ملک میں بجلی کی طلب میں بھی غیر معمولی اضافہ ہواہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اپریل میں شدید ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی کی طلب بڑھ گئی ہے اور وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی طلب 2 لاکھ 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

بھارتی وزارت توانائی کی جانب سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا ہےکہ بھارت میں بجلی کی یہ طلب تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہناہےکہ بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کے بعد کئی ریاستوں میں بجلی کا شدید بحران ہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع کے باعث کوئلے کی درآمد میں مسائل ہیں جس کی وجہ سے پاور پلانٹس مکمل طور پر آپریشنل نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جھاڑکھنڈ، ہریانہ، بہاراور پنجاب میں شدید بجلی کا بحران ہے جب کہ دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے بھی ممکنہ بجلی بحران کے پیش نظر وفاق کو اپنے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریلوے نے کوئلے کی قلت کے باعث 657 ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔

مزید خبریں :