اگر پاکستان روس سے 30 فیصد سستا تیل خریدے تو سبسڈی نہیں دینا پڑےگی، حماد اظہر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہےکہ ہماری حکومت نے روس سے سستے تیل کے مذاکرات شروع کردیے تھے، اگر پاکستان روس سے 30 فیصد سستا تیل خرید لے تو سبسڈی نہیں دینا پڑےگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کو  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار نہیں دیا تھا، اگر موجودہ حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے تو فوری طور پر انہیں الیکشن میں چلے جانا چاہیے۔

 حماد اظہر کا کہنا تھا کہ لوگ توقع کررہے تھے کہ حکومت ایک سمت دے گی، یہ بتائیں گےکہ ڈالر کو کس طرح مستحکم کریں گے، آپ نے قیمت بڑھانی ہے تو بڑھائیں لیکن ابہام پیدانہ کریں، وزیر اعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جون تک تیل کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں غیر ملکی ذخائر بڑھ رہے تھے، آپ نے ڈیزل اور لوڈ شیڈنگ کا خود ساختہ بحران پیدا کردیا، ایک ماہ میں معیشت بے ہنگم ہوگئی یہ بد انتظامی ہے،کسان آج ڈیزل کے لیے پریشان ہورہے ہیں،  مہنگائی کی شرح 13 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ  اگرگرفتاریں کی گئیں تو معاملہ کسی اور طرف چلا جائےگا، کہاں ہے آپ کی انتظامیہ؟ آپ تو مہنگائی مارچ کرتے تھے، حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ہم نے 5 روپے بجلی سستی کی، فروری میں یہ جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں تھیں، سندھ کے دیہاتی علاقوں کو زرداری راج کے ذریعے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :