06 مئی ، 2022
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر نام نہاد حد بندی کمیشن کی رپورٹ پر اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر پر نام نہاد حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتا ہے، نام نہاد حد بندی کمیشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق نئی حد بندیاں مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو مزید کمزور، پسماندہ اور تقسیم کر دیں گی اور ایک اور کٹھ پتلی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا تنازع ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے ، جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔