کھیل

دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے والے سرباز خان کی محفوظ واپسی کیلئے دعاؤں کی درخواست

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں 10 کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی کلائمبر بن گئے ہیں— فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستانی کوہ پیما سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں 10 کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی کلائمبر بن گئے ہیں— فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں 10 کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی کلائمبر  بن گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ کارنامہ ہفتے کو نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کینچن جونگا کو سر کرکے انجام دیا۔

ہنزہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سرباز خان ہفتے کی صبح تقریباً سات بجے 8586 میٹر بلند کینچن جونگا کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

انہوں نے اس چوٹی کو سر کرنے کی حتمی مہم کیمپ فور سے گزشتہ رات شروع کی تھی۔ وہ اس مہم میں مینگما جی ٹیم کا حصہ تھے۔

کینچن جونگا کو سر کرنے کے ساتھ سرباز خان دنیا کی14 آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں میں سے 10 کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

انہوں نے تمام 14 بلند پہاڑوں کو سر کرنے کا عزم کر رکھا ہے ۔اس مہم کا آغاز انہوں نے 2007 میں نانگا پربت کو سر کرکے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے 2018 میں کے ٹو کو سر کیا۔

2019 میں انہوں نے براڈ پیک، لوہٹسے اور مناسلو چوٹی سر کی جبکہ 2021 میں سرباز نے انا پورنا، ماؤنٹ ایوریسٹ، گیشربرم ٹو اور داولاگیری کو سر کیا۔

واضح رہے کہ سرباز خان نے 2019 میں لوہٹسے، جو کہ دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ہے، کو بغیر مصنوعی آکسیجن سپلائی کے سرکیا تھا اور وہ ایسا کرنے والے پہلے پاکستانی کوہ پیما بن گئے تھے۔

کینچن جونگا کے بعد وہ اس ماہ مکالو چوٹی سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ اس ہی سال وہ گیشربرم ون بھی سر کرلیں گے جس کے بعد وہ چو ایو اور شیش اپنگما کو سرکریں گے۔

دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کینچن جونگا کو سر کرنے کے بعد ایک پیغام میں سرباز خان نے سپورٹرز کا شکریہ اور اپنی محفوظ واپسی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی۔

مزید خبریں :