بسمہ معروف کو بیٹی کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی اجازت تاحال نہ مل سکی

کامن ویلتھ گیمز کی پیرنٹل پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے بسمہ معروف کو بیٹی کے ساتھ شرکت کی اجازت نہیں مل رہی— فوٹو: فائل
کامن ویلتھ گیمز کی پیرنٹل پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے بسمہ معروف کو بیٹی کے ساتھ شرکت کی اجازت نہیں مل رہی— فوٹو: فائل

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت تاحال خدشات کا شکار ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو حوصلہ افزاء جواب نہیں دیا۔

پی سی بی برمنگھم میں 28 جولائی سے 8 اگست تک ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کی بیٹی اور ایک اٹینڈنٹ کے ساتھ شرکت کے لیے کوشاں ہے  اور اس سلسلے میں کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے لیکن کامن ویلتھ گیمز کی پیرنٹل پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے بسمہ معروف کو  بیٹی کے ساتھ شرکت کی اجازت نہیں مل رہی۔

کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے بسمہ معروف کے معاملے پر دو سپورٹ اسٹاف کم کرنے کا بھی پی سی بی کو کہا ہے۔ سپورٹ اسٹاف پہلے ہی کم ہونے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے دو سپورٹ اسٹاف کو مزید کم نہیں کرنا چاہتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف کے معاملے کا فیصلہ 15 مئی تک ہو جائے گا، 15 مئی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو اسکواڈ کو حتمی شکل دینی ہے۔ اب بسمعہ معروف کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا انہوں نے ایونٹ سے دستبردار ہونا ہے یا نہیں۔

اس کے علاوہ بسمہ معروف کے پاس بیٹی کو چھوڑ کر ایونٹ میں جانے کا بھی آپشن موجود ہے۔ بسمہ معروف کے پاس پی سی بی کی پالیسی کے مطابق 50 فیصد اخراجات برداشت کرنے کا بھی آپشن ہے۔ پی سی بی پیرنٹل پالیسی کے مطابق 50 فیصد اخراجات اٹھائے گا۔

مزید خبریں :