Time 14 مئی ، 2022
پاکستان

منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی

شہبازشریف کے پیش نہ ہونے پر کارروائی آگے نہیں بڑھے گی: فاضل جج کے ریمارکس/ فائل فوٹو
 شہبازشریف کے پیش نہ ہونے پر کارروائی آگے نہیں بڑھے گی: فاضل جج کے ریمارکس/ فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی عدم پیشی کے باعث اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی جب کہ  نئے مقرر ہونے والے پراسیکیوٹر نے بھی کیس کی تیاری کے لیے وقت مانگ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ حمزہ شہبازکےخلاف اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منی لانڈرنگ کیس پر سماعت ہوئی جس دوران  شہباز شریف کےوکیل نے عدالت کو بتایاکہ وزیراعظم نے برطانیہ میں معالج سے ملاقات کرنا ہے اور انہیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کے لیے جانا ہے، استدعاہےکہ ان کی حاضری معافی کی درخواست قبول کی جائے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ شہبازشریف کے پیش نہ ہونے پر کارروائی آگے نہیں بڑھے گی جب کہ ایف آئی اےکے پراسیکیوٹر نے کہا کہ طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت نہیں کرتے، انہیں بھی کیس کی تیاری کے لیے وقت درکارہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

بعد  ازاں احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس پر سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :