14 مئی ، 2022
نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کا بڑھتا رجحان انہیں دل کے عارضے میں مبتلا کررہا ہے جب کہ ماہرین امراض قلب کی دیگر وجوہات بھی بتاتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے تمباکو کا استعمال کسی بھی شکل میں انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے، جیسے آج کل چھوٹی عمر میں ہی گٹکااور پان جیسی مضر صحت چیزوں کا کھانا بہت عام ہوگیا ہے جو کم عمری میں امراض قلب کاسبب بن رہی ہیں۔
ماہرین کے نزدیک تمباکونوشی شوگر، ہائپرٹینشن، ڈیسلپی ڈیمیا اورفیملی ہسٹری وہ وجوہات ہیں جن کی وجہ سے دل کی بیماری ہوسکتی ہے۔
ماہر امراض قلب پروفیسر جاوید اکبر سیال نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں میں ذہنی تناؤ ہائپر ٹینشن کا باعث بن رہا ہے جس سے وہ ہارٹ اٹیک کا شکار ہوجاتے ہیں۔
امریکا سے آئے معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر صورتحال کافی تشویشناک ہے کیونکہ نوجوانوں میں دل کی بیماری میں اضافہ ہورہا ہے اسی لیے کوشش کی جارہی ہے کہ بچپن سے ہی کولیسٹرول لیول کو چیک کیا جائے۔
ماہرین صحت امراض قلب سے بچنے کے لیے گھر میں بنے تازہ جوس استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جب کہ ساتھ ان کا کہنا ہےکہ وزن کو قابو میں رکھنے کے لیے جنک فوڈ کھانے سے گریز کیا جائے اور استعمال شدہ تیل کو بھی دوبارہ کھانے میں نہ ڈالا جائے۔
اس کے علاوہ باقاعدگی سے ورزش بھی آپ کو امراض قلب سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔