14 مئی ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر اورکپتان راشد لطیف نے عملی طور پر سیاست میں آنےکا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں سید یحیٰی حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات کو بغور دیکھ رہا ہوں، ابھی کام کرنےکی سکت ہے، کچھ کرسکتا ہوں۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ عین ممکن ہےکہ آئندہ دو سے تین سال میں آپ مجھے سیاست میں دیکھیں۔
53 سالہ راشد لطیف سے جب یہ سوال ہوا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کا حصہ بنیں گے؟ یا اپنی علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں اور سب کو معلوم ہے کہ راشد لطیف کس سیاسی جماعت سے وابستگی رکھتا ہے، اس کے سیاسی نظریات کیا ہیں۔
راشد لطیف نےکہا کہ وہ پرانی جگہ اور لوگ چھوڑنے والے نہیں، وہ منشور کے ساتھ چلنے والوں میں سے ہیں۔
1992 سے 2005 تک پاکستان کے لیے37 ٹیسٹ اور 166 ون ڈے کھیلنے والے راشد لطیف نے حال ہی میں کشمیر پریمئیر لیگ کے ساتھ بطور ڈائریکٹر کرکٹ وابستگی اختیار کی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے ساتھ ان کا ایک سال کا معاہدہ ہے اور جلد وہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے ساتھ دوبارہ وابستہ ہونے جا رہے ہیں ، جہاں وہ فرنچائز کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور دیگر دوسرے کاموں میں مصروف نظر آئیں گے۔
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کیےگئے سوال پر جواب دیتے ہوئےکہا کہ ضرور وہ اس حوالے سے اچھی آفر کے بعد فیصلہ کرینگے۔