پاکستان محفوظ ہے، عوام شہدا کی قربانیوں کے باعث آرام سے سوتے ہیں، آرمی چیف

فوٹو: آئی ایس پی آر
فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ پاکستان محفوظ ہے، عوام شہدا کے خون کی قربانیوں کی وجہ سے آرام سے سوتے ہیں ۔

جی ایچ کیو میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی، تقریب میں 48 فوجی افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا، سات افسران، تین جونیئر کمیشنڈ افسران اور تیس جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا ۔

اعزازات آرمی چیف نے تقسیم کیے، شہدا کے خاندانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی، شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج ہم پھر مادر وطن پرقربان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، ہمیشہ کہتا ہوں ہمارے اصل ہیرو ہمارے شہدا ہیں، جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں، جب تک دنیا قائم ہے،شہید کا نام ہمیشہ چمکتا رہےگا۔

فوٹو: آئی ایس پی آر
فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دُنیا مجھے کہتی ہے یہ واحد فوج ہے جس نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے، وہ کہتے ہیں آپ نے یہ کیسے کیا؟ باقی ملک فیل ہوگئے،کیا وجہ ہے پاکستان میں ایسی کیا خوبی ہے؟ میں ہمیشہ بتاتا ہوں ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لخت جگرملک پر قربان کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں، ہمارے پاس ایسی بہنیں ہیں جو اپنے شوہر اور ایسے بچے ہیں جو اپنے والد ملک پرقربان کرنےکے لیے تیار رہتے ہیں، جب تک ہماری ایسی مائیں اوربہنیں موجود ہیں توپاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔

فوٹو: آئی ایس پی آر
فوٹو: آئی ایس پی آر

ان کا کہنا تھا کہ کوئی قوم اور ملک اپنے شہدا کی قربانی کا صلہ پیش نہیں کر سکتی، کوئی مادی قوت، دولت اور پیسا اس کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، ہماری ذمہ داری ہے شہدا کے ورثاءکی دیکھ بھال کریں، شہدا کے ورثاکو یقین دلاتا ہوں کہ ان شاء اللہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سیلاب ہو، طوفان ہو، زلزلہ ہو یا کوویڈ ، ہر جگہ فوج آپ کو ملےگی،کوئی حادثہ ہو فوج بتائے بغیر وہاں پر پہنچ جاتی ہے، بلوچستان میں ہیضہ کے متاثرین کی بھی خدمت کر رہے ہیں، ہم اپنی اس خدمت پر اور کام پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

مزید خبریں :