کھیل
Time 20 مئی ، 2022

شعیب اختر کے بعد سہواگ نے ویرات کوہلی کو نشانے پر لے لیا

بہترین کپتان وہ ہوتا ہے جو ٹیم بتانا ہے، اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتا ہے اور ان کے اندر جیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے: سہواگ۔ فوٹو: فائل
بہترین کپتان وہ ہوتا ہے جو ٹیم بتانا ہے، اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتا ہے اور ان کے اندر جیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے: سہواگ۔ فوٹو: فائل

حال ہی میں پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار  دینے والے سابق بھارتی اوپنر  وریندر سہواگ نے اب کی بار بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو اپنے نشانے پر  رکھ لیا ہے۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم کوئی بڑا آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں تو کامیاب نہیں ہو سکی لیکن کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

تاہم کافی عرصے سے اپنی بری پرفارمنس کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہنے والے ویرات کوہلی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے سبکدوش ہو گئے تھے، بعد ازاں انہیں ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر روہت شرما کو کپتان بنا دیا گیا اور  پھر رواں برس کے آغاز پر جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد کوہلی نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی۔

اب ویرات کوہلی کے حوالے سے بھارت کے سابق جارح مزاج اوپنر وریندر سہواگ نے بھی ایک بیان دیا ہے جس میں انہوں نے بی سی سی آئی کے موجودہ صدر ساروو گنگولی کو کوہلی سے بہترین کپتان قرار دیا ہے۔

وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ بہترین کپتان وہ ہوتا ہے جو ٹیم بناتا ہے، اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتا ہے اور ان کے اندر جیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساروو گنگولی نے ایک نئی ٹیم تشکیل دی، مجھ سمیت یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور ظہیر خان جیسے مستقبل کے سپر اسٹارز کو ٹیم میں لائے اور پھر اپنے کھلاڑیوں کو ہر طرح سے سپورٹ کیا۔

ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سہواگ کا کہنا تھا مجھے لگتا ہے کہ کوہلی نے اپنے کیرئیر میں ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ کچھ کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے تھے اور کچھ کھلاڑیوں کو سپورٹ نہیں کرتے تھے۔

مزید خبریں :