23 مئی ، 2022
سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان 25 مئی کو پشاور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران خان 25 مئی کی صبح پشاور سے نکلیں گے اور ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد پہنچنے کی کال کے پی کے اور پنجاب کیلئے ہے، کراچی میں انقلاب آئے گا، لوگ وہاں نکلیں، اس کے علاوہ کوئٹہ، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی احتجاج ہوگا اور چیئرمین پی ٹی آئی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان 3 جون کو کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ لاکھوں لوگوں کو اسلام آباد پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہماری خواتین، بچے، ایکس سروس مینز، ڈاکٹرز اور بیورو کریٹ کی فیملیز ہوں گی، ہمارے لانگ مارچ میں ریٹائرڈ جنرلز ہوں گے۔
انہوں دعویٰ کیا کہ حکومت نے 700 پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا پلان بنایا ہے، حکومت عقل کے ناخن لے، گیدڑ بھبکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا اور لاٹھِی اور گولی سے یہ لانگ مارچ رکنے والا نہیں۔