24 مئی ، 2022
اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکا جائے گا اور ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائےگا جب کہ ہر غیرقانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ عوام کی حفاظت اور تحفظ یقینی بنایا جائیگا، امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی، کسی قسم کے تشدد یا اشتعال انگیزی پرقانون حرکت میں آئے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہےکہ دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پرمن وعن عملدرآمد ہوگا اور مفاد عامہ کیلئے تمام راستے کھلے رکھیں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈے معیشت کو تباہ کرنے کےمترادف ہیں۔
واضح رہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے جس کےبعد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔