Time 26 مئی ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی کارکنان رکاوٹیں توڑ کر ریڈ زون میں داخل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دیکر بنی گالہ کیلئے روانہ ہو گئے، پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی جناح ایونیو سے روانہ/ فوٹو اے ایف پی
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دیکر بنی گالہ کیلئے روانہ ہو گئے، پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی جناح ایونیو سے روانہ/ فوٹو اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’حقیقی آزادی‘ لانگ مارچ  کے شرکاء تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہو گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز قافلے کے ہمراہ صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا اور تقریباً 7گھنٹے قبل اسلام آباد میں داخل ہونے والا قافلہ جمعرات کو صبح سویرے جناح ایونیو پہنچا جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قوم سے خطاب بھی کیا۔

لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

عمران خان نے کہا کہ کیا جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کے اعلان تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں دیکھا کہ یہ لوگ ملک کو انتشار کی جانب لے کر جا رہے ہیں، یہ لوگ فوج اور پولیس سے ہماری لڑائی کروانا چاہتے ہیں لیکن یہ پولیس بھی ہماری ہے اور عوام بھی ہماری ہے، ہم ملک کو تقسیم کرنے نہیں آئے بلکہ قوم کو بنانے کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو 6 روز دے رہا ہوں، اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور جون میں الیکشن کا اعلان کیا جائے ورنہ پوری قوم کو ساتھ لیکر دوبارہ اسلام آباد آؤں گا۔ 

عمران خان کے خطاب کے بعد لانگ مارچ کے شرکاء تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہو گئے، لانگ مارچ کے شرکاء زیڈ زون میں ایوان صدر کے سامنے پہنچ گئے جہاں پر فورسز اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔  

اس کے علاوہ کچھ پی ٹی آئی کارکنان ڈپلومیٹک انکلیو میں بھی داخل ہو گئے جبکہ پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قریب بھی پہنچے جہاں پر رینجرز اور ایف سی کے اہلکار تعینات ہیں۔ 

چیئرمین تحریک انصاف لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے بعد جناح ایونیو سے بنی گالہ کے لیے روانہ ہو گئے جبکہ دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی جناح ایونیو سے روانہ ہو گئے۔

اس سے قبل عمران خان نے حسن ابدال میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عوام کا سمندر لے کر ڈی چوک آرہے ہیں، میرے ساتھ عوام کا سمندر ڈی چوک آ رہا ہے ، حکومت جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دےگی وہاں سےنہیں جائیں گے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں فوج طلب

دوسری جانب حکومت نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی وجہ سےامن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فوج کو طلب کرلیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردی نوٹی فکیشن کے مطابق فوج آئین کے آرٹیکل 245 طلب کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوج ریڈ زون میں موجود سرکاری عمارتوں کے تحفظ کیلئے طلب کی گئی ہے۔

قبل ازیں پنجاب پہنچنے پر عمران خان نے کہا تھا کہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں، اب اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، امپورٹڈ سرکار کا جبر و فسطایت کا کوئی حربہ ہمیں ڈرا نہیں سکتا ، نہ ہی یہ ہمارے مارچ کا راستہ روک سکتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہر میں لوگ باہر نکلیں، یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، میں اسلام آباد پہنچ رہا ہوں، سب کو پیغام دیں کہ ہمیں کسی کی غلامی قبول نہیں، سپریم کورٹ نے فیصلہ کردیا ہے کہ کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

اسلام آباد اور پنڈی کے لوگ ڈی چوک پہنچیں، عمران خان

سپریم کورٹ نے حکم کچھ دیا، عمران نے مطلب کچھ اور لیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کردی۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے کہ اب کوئی رکاوٹ اور پکڑ دھکڑ نہیں ہو گی، اسلام آباد اور پنڈی کے لوگ ڈی چوک پہنچیں۔

حالانکہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ڈی چوک نہیں، ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

ڈی چوک پر دوبارہ شدید شیلنگ شروع

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جمعرات کی صبح سویرے ریڈزون میں داخل ہونے کی کوششیں جاری ہے جبکہ مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے  ایک بار پھرشیلنگ شروع کردی ہے۔

اس سے قبل رات گئے پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے پولیس کی بکتربند کو آگ لگادی جبکہ مظاہرین نے ڈی چوک پرگرین بیلٹ کو پھر آگ لگانا شروع کی ، اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور غلیلیں تھیں۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکنان کی ڈی چوک پرکنٹینرز پر چڑھنے کی کوشش جاری ہے،ان کارکنوں کو منشتر کرنے کے لیے پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی ۔ 

اس سے قبل تحریک انصاف کے کارکنان شیلنگ سے بچنے کیلئے ڈی چوک سے چائنا چوک کی طرف چلےگئے۔

پی ٹی آئی کارکنان کافی دیر سے ڈی چوک پر موجود کنٹینرز پر کھڑے تھے۔ کارکنان نے جناح ایونیو کی گرین بیلٹ پر آگ جلانا شروع کردی تھی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق  پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے پولیس اور رینجرز کے 7 جوان زخمی ہوگئے جنہیں  اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے جوانوں میں پولیس کے طاہراقبال،راشد منہاس ، ایف سی کے فیاض احمد،پنجاب پولیس کے 2 جوان  جبکہ  رینجرز اہلکار عاقب عثمان اور شاکر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ڈی چوک میں شیلنگ سے تحریک انصاف کی دو ارکان اسمبلی کی حالت غیر ہوگئی۔ ڈی چوک میں شیلنگ سے رکن قومی اسمبلی منورہ بلوچ  بےہوش ہوگئیں۔

عالیہ حمزہ اورنوشین حامد بھی شیلنگ سے حالت غیر ہونےکےباوجودڈی چوک کےقریب موجود ہیں۔

حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات

ایاز صادق نے کہا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی، پی ٹی آئی والوں کو انتظار کرنا چاہیے تھا— فوٹو: اسکرین گریب
ایاز صادق نے کہا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی، پی ٹی آئی والوں کو انتظار کرنا چاہیے تھا— فوٹو: اسکرین گریب

سپریم کورٹ کی ہدایت پرحکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات جاری ہیں۔ رہنما تحریک انصاف بابراعوان مذاکرات کیلئے چیف کمشنر آفس اسلام آباد پہنچے تاہم حکومتی ٹیم کے تاخیر سے آنے کی وجہ سے پی ٹی آئی کی ٹیم مذاکرات کیے بغیر واپس چلی گئی۔

ذرائع کے مطابق اے ڈی سی جی رانا وقاص بابراعوان کو ڈی سی آفس کے اندر آنےکی باربار پیشکش کی تاہم بابراعوان اور فیصل چوہدری بغیر مذاکرات کے ڈی سی آفس سے روانہ ہوگئے۔

پی ٹی آئی ٹیم کا کہنا ہے کہ کل سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائیں گے، نہ انتظامیہ کے افسران موجود ہیں نہ حکومتی کمیٹی۔

بعد ازاں ایاز صادق کی سربراہی میں مولانا اسعدمحمود، اعظم نذیرتارڑ  چیف کمشنر آفس پہنچے جہاں انہوں نے پریس کانفرنس کی۔ ایا ز صادق نے کہا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی، پی ٹی آئی والوں کو انتظار کرنا چاہیے تھا۔

ایاز صادق نے کہا کہ 10 بجے کا وقت تھا، راستے بند تھے، ہم 25 منٹ تاخیر سے پہنچے،  ہم چیف کمشنر صاحب سے رابطے میں تھے، ہم احتجاجا یہاں سے جارہے ہیں، ہم عدلیہ کے حکم پریہاں اکٹھے ہوئے تھے، ہم نے بھی کوشش کی ہے، وکیل صاحب نے فون سننے سے انکار کردیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی پٹیشن پر فیصلہ کیا، سپریم کورٹ نے آج رات دس بجے مذاکرات کی ہدایت کی، مذاکرات کا مقصد جلسے کیلئے منتخب جگہ اور قواعد و ضوابط طےکرنا تھا، عمران خان نے صوابی سے چلتے ہوئے بار بار کہا کہ ہم ڈی چوک جائیں گے، ہم نے عدالتی حکم پر رکاوٹیں ہٹائیں لیکن شہر میں جلاؤ گھیراؤ کیاگیا، ہم لوگ منسٹرکالونی مارگلہ روڈ پرمشکلات کا سامنا کرتے ہوئے یہاں پہنچے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہم ان کا یہاں مزید انتظار کریں گے، چیف کمشنر بھی کال کررہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کی ٹیم نہیں آرہی، عمران خان نے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑا دیں ،ڈی چوک پہنچنے کا کہا، بابر اعوان کو کہوں گا انارکی نہ پھیلائیں اور آئیں بات کریں، عمران خان جو چاہتا ہے وہ ہم جانتے ہیں۔

ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم سپریم کورٹ کے احکامات نہ مانیں تو توہین عدالت لگتی ہے، اگرمانیں تو یہ کچھ ہوتا ہے جو آپ کے سامنے ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس وقت فوری سوموٹو نوٹس لینا چاہیے، اگر شیری مزاری کیلئے عدالت رات کو کھل سکتی ہے تو اس معاملے پرکیوں نہیں؟  جس عدالت نے راستے کھلوائے اور جلاؤ گھیراؤ ہوا وہ ابھی بند ہے۔

خیال رہے کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ 3گھنٹے میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے ایچ نائن جلسہ گاہ میں سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں اور  حکومتی کمیٹی اور پی ٹی آئی کی کمیٹی کا اجلاس چیف کمشنر آفس میں رات 10 بجے کیاجائے۔

عمران خان کی کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنےکی کال سپریم کورٹ فیصلےکی توہین ہے، راناثنا

رانا ثنا نے کہا کہ عمران نیازی کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ اس نے کبھی کسی عدالت کا احترام کیا نہ کسی ادارے کا— فوٹو: فائل
رانا ثنا نے کہا کہ عمران نیازی کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ اس نے کبھی کسی عدالت کا احترام کیا نہ کسی ادارے کا— فوٹو: فائل

وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی کارکنوں کوڈی چوک پہنچنےکی کال سپریم کورٹ کے فیصلےکی توہین ہے، سپریم کورٹ نے آج فیصلے میں  پی ٹی آئی کو ایچ نائن میں اجتماع کی مشروط اجازت دی ہے۔

رانا ثنا نے کہا کہ عمران نیازی کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ اس نے کبھی کسی عدالت کا احترام کیا نہ کسی ادارے کا۔

کارکنوں کو چھوڑ کر شیخ رشید اسلام آباد پہنچ گئے، ذرائع

لال حویلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید کا  لال حویلی سے قافلے کی صورت میں اسلام آباد جانا منسوخ ہوگیا ہے، کارکنان ان کی راہ دیکھتے رہے، شیخ رشید اسلام آباد پہنچ گئے۔

ڈی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود

ڈی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے، کارکنان نے جناح ایونیو کے اطراف میں جگہ جگہ آگ لگا رکھی ہے، کارکنان نے شیلنگ سے بچاؤ کیلئے پانی کا انتظام بھی کیا ہوا، پی ٹی آئی کارکنان ریلی کی صورت میں ڈی چوک پہنچ رہےہیں۔

پرویز خٹک بھی ریلی کے ہمراہ ایچ نائن اور جی نائن رکنے کی بجائے ڈی چوک روانہ ہوگئے ہیں۔

عامر ڈوگر گاڑی کی چھت سے گر کر زخمی

تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر سلام آباد میں گاڑی کی چھت پر سوار تھے کہ گاڑی اچانک چل پڑی اور وہ نیچے آگرے۔

اطلاعات کے مطابق انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

کسی نےریڈزون کےقریب آنےکی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، آئی جی اسلام آباد

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں، کسی نےریڈ زون کےقریب آنےکی کوشش کی توسختی سےنمٹاجائےگا۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دیگر مقامات پر پولیس افسران قوت استعمال نہ کرے، مظاہرین سے بھی اپیل ہے کہ وہ پرُامن رہیں،مظاہرین پولیس پر پتھراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

اداروں سے ادب سےگزارش ہے فتنےکے ہاتھ مضبوط نہ کریں، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام نے عمران کو زناٹےدار تھپڑ مارا جس کی گونج ہرجگہ سنائی دی— فوٹو: فائل
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام نے عمران کو زناٹےدار تھپڑ مارا جس کی گونج ہرجگہ سنائی دی— فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام نے عمران کو زناٹےدار تھپڑ مارا جس کی گونج ہرجگہ سنائی دی، اداروں سے ادب سےگزارش ہے فتنےکے ہاتھ مضبوط نہ کریں، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے دیکھا ہوگا کہ کس طرح ان کےاحکامات کوپاؤں تلے روندا گیا، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ وہ ڈی چوک جائیں گے، عمران خان اداروں پر شرمناک حملے کر رہےہیں، یہ شخص ہر قیمت پر فتنہ و فساد چاہتا ہے، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں۔

دیکھتے ہیں کتنے دن پولیس لگاتے ہو، فواد چوہدری

الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہو گی، جدوجہد جاری رہے گی پیچھے کوئی نہ ہٹے، فواد چوہدری— فوٹو: فائل
الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہو گی، جدوجہد جاری رہے گی پیچھے کوئی نہ ہٹے، فواد چوہدری— فوٹو: فائل

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا ہے کہ ‏مریم نواز جھوٹ کی دیوی ہیں، میں رات سے کشمیر اور جہلم کے بارڈر  پر آنسو گیس اور پولیس کا سامنا کر رہا ہوں، مریم نواز فرمارہی ہیں میں اسپیکرہاؤس میں امپورٹڈحکومت سے مذاکرات کر رہا تھا، انشااللہ اب صرف مقابلہ ہوگا، کوئی مذاکرات نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر لوگ نہیں نکلے تو  پورا پاکستان کیوں بند کیا ہوا ہے؟ پنجاب سے سیکڑوں لوگ کیوں حراست میں ہیں؟ دیکھتے ہیں کتنے دن پولیس لگاتے ہو؟ اگر یہ ٹیسٹ میچ ہے تو ٹیسٹ ہی سہی، دیکھتے ہیں زور کتنا بازوۓ قاتل میں ہے، ‏جنگ رہے اور امن بھی ہو۔۔۔ کیا ممکن ہے تم ہی کہو؟ الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہو گی، جدوجہد جاری رہے گی پیچھے کوئی نہ ہٹے۔

سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا— فوٹو: فائل
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا— فوٹو: فائل

تحریک انصاف ڈی چوک پر آکر الیکشن کے اعلان تک دھرنا دینا چاہتی ہے جبکہ حکومت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی جلسہ کرکے واپس چلی جائے دھرنے پر نہ بیٹھے۔

اس معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ایسا پلان دیں کہ مظاہرین پرامن طریقے سے آئیں اور احتجاج کے بعد گھروں کو لوٹ جائیں، یہ نہ ہو جلسے کے بعد فیض آباد یا موٹروے بند کر دی جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ 3گھنٹے میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے ایچ نائن جلسہ گاہ میں سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں، حکومتی کمیٹی اور پی ٹی آئی کی کمیٹی کا اجلاس چیف کمشنر آفس میں رات 10 بجے کیاجائے۔

سپریم کورٹ نے یہ بات بھی واضح کی کہ کسی بھی وقت عدالتی حکم میں رد و بدل کیا جاسکتا ہے اور حکم واپس بھی لیاجاسکتا ہے۔ 

کراچی میں پولیس موبائل نذر آتش، کئی اہلکار زخمی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے سلسلے میں کراچی کی نمائش چورنگی پر بھی کارکن جمع ہوئے جہاں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔

کراچی میں نمائش چورنگی پر شام کو کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب مشتعل مظاہرین نے ایک پولیس موبائل کو نذرآتش کردیا جبکہ پتھراؤ سے ایس پی سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم مظاہرین کی تعداد مزید بڑھتی گئی۔ شارع قائدین پر خداداد کالونی چورنگی اور نورانی چورنگی پر بھی ہنگامہ آرائی جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کےکارکنان کے پتھراؤ سے غیرملکی خبرایجنسی کے فوٹوگرافر آصف حسن زخمی ہوئے۔

جیو نیوز کےکیمرہ مین ناصر علی بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے۔

تحریک انصاف کی جانب سے نمائش چورنگی پر دھرنا دے دیا گیا ہے جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب دکھانے کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ خطاب دکھانے کیلئے اسکرین، ساونڈ سسٹم اور لائٹیں لگائی جارہی ہیں۔

مظاہرین نے بلیو ایریا میں درختوں اور گاڑیوں کا آگ لگادی

پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین نے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درختوں اور گاڑی کو آگ لگادی۔ 

پولیس نے آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا ہے، کچھ جگہوں پر لگی آگ بجھادی گئی ہے۔

ریڈ زون کی سکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔

لاہور کو دوسرےشہروں سے ملانے والے6اہم اوربڑے راستےمکمل طور پر بند

 لاہور میں ٹھوکر نیاز  بیگ کے مقام پر پولیس نے موٹر وے بند کرکے بعض ٹرک ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

 لاہور کو دوسرےشہروں سے ملانے والے 6 اہم اوربڑے راستےمکمل طور پر بندکر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سےکوئی گاڑی شہر سےباہر نہیں جا پا رہی، پولیس کی بھاری نفری لوگوں کو ایک جگہ جمع بھی نہیں ہونے دے رہی۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز  کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش سے شہریوں کی مشکلات کا پورا احساس ہے، مشکلات پر شہریوں سے معذرت خواہ ہوں، ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے ہیں، بڑے قومی مقصد کے حصول کیلئے ایسی تکلیف کوئی حیثیت نہیں رکھتی، عمران خان اوران کے حواری وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں، دھرنا سیاست یا مارچ سے پاکستان کو آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔

لاہور کے علاقے بتی چوک پر یاسمین راشد کی گاڑی پر لاٹھی چارج

پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کو روکا، پولیس اہلکاروں کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کے ساتھ بیٹھی خاتون کیساتھ تلخی بھی ہوئی— فوٹو: سوشل میڈیا
پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کو روکا، پولیس اہلکاروں کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کے ساتھ بیٹھی خاتون کیساتھ تلخی بھی ہوئی— فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور  کے علاقے بتی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی،  پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹا دیں جس کے بعد بتی چوک کے مقام پر پی ٹی آئی کا مارچ روکنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کو روکا، پولیس اہلکاروں کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کے ساتھ بیٹھی خاتون کیساتھ تلخی بھی ہوئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر بھی بتی چوک پہنچے۔ گاڑی آگے بڑھانے پر پولیس نے پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پر لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجے میں یاسمین راشد کی گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی۔

ٹھوکر نیاز بیگ موٹروےکی جانب جانے اور آنے والےتمام خارجی اور داخلی راستے بند ہیں، ملتان روڈ سے موٹروےکو جانے والے ٹرکوں کی کئی کلو میٹر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس کی بھاری نفری ٹھوکر نیازبیگ اورموٹروے کے اطراف تعینات ہے۔

یاسمین راشد اور عندلیب عباس کی گرفتاری و رہائی

ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو  پولیس نے حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد رہا کردیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو پولیس کی گاڑی سے اتار دیا گیا جس کے بعد دونوں خواتیں وہاں سے روانہ ہوگئیں۔

ہم سب کے سب اسلام آباد پہنچیں گے، ابرار الحق

تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے راوی پُل پر جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت اس وقت مودی والا کردار ادا کررہی ہے، ہماری ہلال احمرکی ٹیم جو دوست زخمی ہیں انھیں فرسٹ ایڈفراہم کررہی ہے، ہم سب کے سب اسلام آباد پہنچیں گے۔

مزید خبریں :