26 مئی ، 2022
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی لانگ مار چ کی کال پر 25 مئی کو پارٹی کارکنان نے مارچ میں شرکت کی جب کہ اس موقع پر شوبز شخصیات بھی لانگ مارچ کا حصہ بنیں۔
شوبز انڈسٹری کے متعدد اداکار عمران خان کی حمایت میں سامنے آئے اورچند اداکاروں نے اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے احتجاج میں بھی شرکت کی۔
آئیے دیکھتے ہیں کون سا اداکار عمران خان کے آزادی مارچ کا حصہ بنا؟
مریم نفیس اور عثمان خالد بٹ:
اداکارہ مریم نفیس نے اپنے والدین اور خاوند کے ہمراہ اسلام آباد کے آزادی مارچ میں شرکت کی۔
اداکارہ کے ہمراہ عثمان خالد بٹ بھی موجود تھے جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔
مریم نفیس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ویڈیوز بھی شیئر کیں جس میں دونوں اداکار سخت آنسو گیس اور شیلنگ کے باوجود گھروں کو لوٹنے سے انکاری تھے۔
ہارون شاہد:
اداکار ہارون شاہد نے کراچی میں نمائش چورنگی پر ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی جس کی ویڈیوز اور تصاویر اداکار نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
عمران عباس:
اداکار عمران عباس نے اپنی کوئی تصویر تو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ نہیں کی البتہ مظاہرے کی تصویر ضرور شیئر کی اور لکھا کہ ڈی چوک پر ملتے ہیں۔
بلال خان:
گلوکار بلال خان نے لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی اور مداحوں سے سوال کیا کہ کیا آپ لاہور کے مظاہرے میں شریک ہوں گے؟
عینی خالد:
گلوکارہ عینی خالد نے عمران خان کی تصویر والاایک پلے کارڈ اٹھائے تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی۔
ساتھ ہی گلوکارہ نے کیپشن میں لکھا تھا کہ 'ہم ہائی کمیشن کے باہر اس وقت تک بیٹھے رہیں گے جب تک عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوگا'۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جناح ایونیو پہنچنے کے بعد حکومت کو الیکشن کے لیے 6 دن کا الٹی میٹم دیا ہے۔