29 مئی ، 2022
انڈے کھانا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس سے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
چین کی پیکنگ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ صرف ایک انڈہ کھانے سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
انڈوں میں غذائی کولیسٹرول کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ اہم اجزا بھی اس میں موجود ہوتے ہیں ۔
دل کی صحت کے لیے انڈوں کے فائدے مند یا نقصان دہ ہونے کے بارے میں متضاد تحقیقی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تحقیق میں آبادی کی سطح پر کام کرتے ہوئے جائزہ لیا گیا کہ روزانہ معتدل مقدار میں انڈوں کا استعمال دل کی صحت پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے۔
اس مقصد کے لیے محققین نے انڈے کھانے سے خون میں دل کی صحت سے متعلق اثرات کی جانچ پڑتال کی۔
انہوں نے کہا کہ بہت کم تحقیقی رپورٹس میں انڈوں کے استعمال اور دل کی شریانوں کے امراض کے خطر ے کے تعلق کے حوالے سے پلازما کولیسٹرول میٹابولزم کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
اس تحقیق میں چائنا بائیوبینک کے 4778 افراد کو منتخب کیا گیا جن میں سے 3401 امراض قلب کی کسی ایک قسم کا شکار تھے جبکہ 1377 صحت مند تھے۔
ان افراد کے خون کے پلازما سیمپلز کی جانچ پڑتال سے ثابت ہوا کہ معتدل حد میں رہ کر انڈے کھانے والے افراد کے خون میں ایک مخصوص پروٹین اپولیپو پروٹین اے 1 کی سطح زیادہ ہوتی ہے جو صحت کے لیے مفید سمجھے جانے والے ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کو بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان افراد کے خون میں ایچ ڈی ایل کے زیادہ بڑے مالیکیولز ہوتے ہیں جو شریانوں میں چکنائی کو صاف کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور اس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس کے مقابلے میں انڈوں کو کم کھانے والے افراد کے خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی زیادہ سطح کو دریافت کیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ ہمارے نتائج سے وضاحت ملتی ہے کہ معتدل مقدار میں انڈوں کو کھانا امراض قلب سے کیسے تحفظ فراہم کرتا ہے مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ ٹھوس یقین سے اس بات کو ثابت کیا جاسکے۔