30 مئی ، 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کے عدالتی حکم کے خلاف انٹراکورٹ اپیل میں تحریری جواب داخل کرا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی جس میں سنگل بینچ کی جانب سے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن کمیشن پابند ہے کہ تمام جماعتوں کی اسکروٹنی کرے۔
عدالت نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کے کمنٹس کو پہلے پڑھیں پھر اس پر دلائل دیں، ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے سامنے ہوں، تمام فریقین کو عدالت کو اپنا مؤقف بتانا ہوگا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو کمنٹس کی کاپی پی ٹی آئی وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔