01 جون ، 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ہوم سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ عدالت حکم دے کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج اور اجتماع کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کے احتجاج کے راستے میں کسی شہر میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ عدالت حکم دے کہ پی ٹی آئی کے کسی کارکن اور رہنما کو گرفتار یا اس پر تشدد نہ کیا جائے، پی ٹی آئی کے خلاف ڈرانے والے ہتھکنڈے اور گھروں پر چھاپے نہ مارے جائیں، عوام کی نقل و حرکت کو کسی طورپرکسی شہر میں نہ روکا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت حکم دے کہ احتجاج اور دھرنے میں شرکت کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے الیکشن کا اعلان نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔