Time 05 جون ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'آپ نے تو اپنی جیبیں بھری ہوئی ہیں' پیٹرول مہنگا ہونے پر اداکاروں کے دلچسپ تبصرے

عمیر رانا نے ٹوئٹر پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی ٹوئٹ پر جواب دیا__فوٹو: انسٹاگرام
عمیر رانا نے ٹوئٹر پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی ٹوئٹ پر جواب دیا__فوٹو: انسٹاگرام

ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے ناصرف عام آدمی کو متاثر کیا ہے بلکہ شوبز  سے منسلک فنکار  بھی مہنگائی کے سبب سر پکڑے بیٹھے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت 209 ہونے پر معروف اداکاروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمیر  رانا

معروف پاکستانی اداکار و ہدایتکار عمیر رانا نے ٹوئٹر پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی ٹوئٹ پر جواب دیا کہ 'میں نے ابھی اپنی ٹنکی 7 ہزار 500 روپے میں فُل کروائی ہے '۔

اداکار نے طنزیہ لکھا کہ 'میاں دے نارے، بھٹو دے لارے'۔

رابعہ بٹ

ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ نے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد طنزیہ اسٹوری انسٹاگرام پر شیئر کی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ 'سب کچھ بڑھ رہا ہے، کیا تمہارے دل میں میرا پیار نہیں بڑھ سکتا؟ یا اس کے لیے بھی شہباز شریف سے بات کرنا ہوگی؟'

سید محسن گیلانی

اداکار سید محسن گیلانی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ 'اس وقت لاہور شہر میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے بعد برا حال ہے، لوگوں نے پمپس کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگا رکھی ہیں، لوگوں میں غم و غصہ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اچانک پیٹرول 30 روپے بڑھا دیا گیا، بجلی مہنگی ہوگئی ہے، یہ کسی بم سے کم نہیں ہے،بم پر بم گرایا جا رہا ہے، ارے واہ! کیا خوب آمد ہوئی ہے ہماری پی ڈی ایم کی اور ن لیگ کو تو کہتے ہیں کہ بہت تجربہ کار لوگ ہیں'۔

محسن گیلانی نے کہا کہ 'بس دعا ہے اللہ اس ملک کو اپنی امان میں رکھے، ناجانے آنے والے وقت میں کیا ہونے والا ہے'۔

سیمی راحیل

سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے اپنے کردار 'نوٹی نانی' کی طنز و مزاح سے بھرپور ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ 'یہ جو اوپر کے لوگ بڑے بڑے فیصلے کرتے ہیں، انہوں نے کیا کہا کہ پیٹرول مہنگا ہوگیا تو غریب کو کیا فرق پڑے گا؟'

اداکارہ نے کہا کہ 'میرا خیال ہے ان کا دماغ جوتیوں میں ہے، بلکہ دماغ ہے ہی نہیں، اگر آپ نے پیٹرول مہنگا کیا ہے تو دنیا کی ہر چیز مہنگی ہو جائے گی، آپ سب نے تو اپنی جیبیں فالتو پیسوں سے بھری ہوئی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'بیچارے عام لوگ، محنت مزدوری کرنے والے کیا کریں گے، اس مہنگائی میں، آپ تو صرف ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر فضول فیصلے کرتے ہیں، آپ لوگوں میں نا کوئی انسانیت ہے نا کوئی رحم ہے'۔

مزید خبریں :