گستاخانہ ریمارکس: جماعت اسلامی کا بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان

ہر صورت سفارت خانے تک پہنچیں گے، بھارتی سفیر کو نکالنے تک احتجاج جاری رہے گا: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم / فائل فوٹو
ہر صورت سفارت خانے تک پہنچیں گے، بھارتی سفیر کو نکالنے تک احتجاج جاری رہے گا: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم / فائل فوٹو

لاہور: جماعت اسلامی نے 9 جون کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ 

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا کہ ہر صورت سفارت خانے تک پہنچیں گے،  بھارتی سفیر کو نکالنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ بھارتی خبروں،کھلاڑیوں اور اداکاروں سمیت ہر چیز کا بائیکاٹ کرے،  بھارت میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی ، بی جے پی کے ترجمان کے بعد ایک اور لیڈر نے گستاخی کی۔

جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے عرب ممالک کو ہوش آیا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کے خلاف مہم چلائی، ہم پاکستانی حکومت کے منتظر رہے کہ یہ بھی کوئی آواز اٹھائیں گے۔

امیر العظیم  نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارت سے تمام تعلقات ختم کرکے سفیر کو واپس دلی بھیجے، 10 جون کو جماعت اسلامی پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

مزید خبریں :