07 جون ، 2022
کراچی سے لاپتا ہوکر اپنی پسند سے شادی کرنے والی دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے بیٹی کی عمر سے متعلق میڈیکل رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے سیکرٹری صحت کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ والدین کی موجودگی میں دوبارہ میڈیکل کرایا جائے اور دعا زہرا کی عمرکی تصدیق کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
مہدی کاظمی کا کہنا ہےکہ جعلی میڈیکل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور جعلی میڈیکل رپورٹ کو فوری منسوخ کیا جائے۔
والد دعا زہرا کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس دعا زہرا کی عمر سے متعلق تمام دستاویزات موجود ہیں، دعا زہرا کی تاریخ پیدائش 27 اپریل 2008 ہے، ہمیں دعا زہرا سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی،کیس کے تفتیشی افسر ڈی این اے کرانے سے بھی کترا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی سے لاپتا ہوکر اپنی پسند سے شادی کرنے والی دعا زہرا کی عمرکا تعین کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دعا زہرا کی عمر 16 سے17 سال کے درمیان ہے، عمرکے تعین کا ٹیسٹ سول اسپتال کراچی میں کیا گیا، رپورٹ کل صبح پولیس کو باقاعدہ طور پر موصول ہوگی۔
واضح رہےکہ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کی عمرکے تعین کے لیے ٹیسٹ کرانےکا حکم دیا تھا۔